بنگلورو،11؍مارچ(ایس او نیوز) کرناٹک لیجس لیٹو کونسل میں چہارشنبہ کے روز حکمران بی جے پی کو اس وقت ندامت اٹھانی پڑی جب حکمران پارٹی کے رکن ایچ وشواناتھ نے ریاست کے مرکز اقتدار ودھان سودھا میں جاری کرپشن کو نشانہ بنایا اور کہا کہ ودھان سودھا دلالوں کا اڈہ بن گیا ہے۔
کونسل میں بجٹ پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے وشواناتھ نے کہا کہ جس وقت کمارسوامی وزیر اعلیٰ تھے اس وقت بھی انہوں نے اس بات کی نشاندہی کروائی تھی کہ کس طرح ریاست کا مرکز اقتدار دلالوں کی آماجگاہ بن چکا ہے۔ اب بھی ایسی ہی صورتحال ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی دوپہر ودھان سودھا کے تمام دروازوں کو بند کرکے اندر رہنے والوں سے پوچھ گچھ کی جائے تو پتہ چلے گا کہ کو ن کون دلال ہیں اور ودھان سودھا میں کون کس کئے گھسا ہے۔ اس کے بعد ودھا ن سودھا کے اندر دن دہاڑے جاری لوٹ کی حقیقت سامنے آجائے گی۔
انہوں نے کہا کہ دوپہر بعد ودھا ن سودھا میں سرکاری ملازمین سے زیادہ دلال موجود رہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت کی طرف سے ہر سال ملازمین کی تنخواہوں پر 37229کروڑروپے صرف کئے جاتے ہیں۔وظیفہ یابوں کی پنشن پر 22216کروڑروپے صرف ہوتے ہیں۔ سبسڈی کی فراہمی پر 24ہزار کروڑ روپے خرچ کئے جاتے ہیں۔ہر سال ریاست پر قرضہ کا بوچھ بھی بڑھتا جا رہا ہے۔ ریاست کا خزانہ صرف اسی سے خالی ہو رہا ہے ایسے میں ترقی کہاں سے کی جاسکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کرناٹک میں 7لاکھ سے زائد منظور شدہ سرکاری نوکریاں ہیں ان میں سے 5لاکھ بھرتی ہیں اور دولاکھ خالی۔ 3لاکھ وظیفہ یاب ملازمین کو پنشن دی جاتی ہے۔ وظیفہ یاب آئی اے ایس آفیسروں کو ایک لاکھ روپے سے زیادہ کی پنشن دی جا رہی ہے۔ اس مرحلہ میں مداخلت کرتے ہوئے جے ڈی ایس کے سری کنٹھے گوڑا نے کہا کہ ان سب کے باوجود سرکار افسر اپنی ہی بیویوں کو معاونوں کے نام پر کنٹراکٹ اور آوٹ سورسنگ کر کے پیسہ بٹو رہے ہیں۔
وشواناتھ نے کہا کہ محکمہ مالیاب اورمحکمہ انتظامیہ انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔ چونکہ یہ دونوں وزیر اعلیٰ کے پاس ہی ہیں اس لئے ان کو سدھار نے کی طرف توجہ دی جانی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ میں وزیر اعلیٰ نے بتایا ہے کہ سرکاری بورڈس اور کارپوریشنوں کو چلانے کے لئے 27ہزار کروڑ روپے کا قرضہ لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے بہت سارے کارپوریشن اب قائم کئے ہیں شاید ان پر آنے والے خرچ کا حساب لگائے بغیر ہی ان کا قیام کردیا گیا ہے۔ وشواناتھ نے دیگر سرکاری محکموں کی زبوں حالی پر حکومت کو نشانہ بنایا۔